فیصل آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد کے سب کیمپس ٹوبہ ٹیک سنگھ میں طالب علموں کے جینز پہننے پر پابندی عائد کر دی گئی۔ ڈیلی پاکستان گلوبل کے مطابق یونیورسٹی انتظامیہ کی طرف سے ایک نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ طلبہ یونیورسٹی میں شارٹس، کٹ آف جینز، ملٹی پاکٹس، فیڈڈ (Faded) اور انتہائی چست جینز اور ٹراﺅزر نہیں پہن سکتے۔
اس کے علاوہ طلبہ کے کسی بھی طرح کی تحریر کی حامل ٹی شرٹس، چپل، سلپرز، ٹوپی، ویسٹ، پونی ٹیل، جھمکے، بریسلٹ اور کلائی میں پہنے جانے والے سجاوٹی کڑے وغیرہ پہننے اور لمبے بال رکھنے پر بھی پابندی ہو گی۔ نوٹیفکیشن میں طالبات پر بھی ٹی شرٹس، جینز، سلیو لیس شرٹس، کسی بھی طرح کا باریک لباس جس سے ان کا جسم نمایاں ہوتا ہو اور کسی بھی طرح کا چست لباس پہننے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ طالبات کے زیادہ چمک دمک والے زیورات اور پازیب پہننے اور بھاری میک اپ کرنے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔