رحیم یار خان (ویب ڈیسک)خواجہ فریدیونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی میں رجسٹرار آفس کی طرف سے گرین اینڈ کلین مہم کے تحت آگاہی واک کا اہتمام کیاگیا، مہمان خصوصی ڈی پی او کیپٹن ریٹائرڈ محمد علی ضیا تھے، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرمحمد سلیمان طاہر نے معزز مہمان کااستقبال کیا۔
واک سے قبل گفتگو کرتے ہوئے ڈی پی او کیپٹن ریٹائرڈ محمد علی ضیا کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی اور دیگر تعلیمی ادارے جتنے آباد ہوں گے جیلیں ہی اتنی ویران ہوں گی۔ افراد کی تربیت میں اداروں کا کردار بہت اہم ہے۔ انہوں نے یونیورسٹی انتظامیہ خصوصا وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرمحمد سلیمان طاہر کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے مقاصد قابل تعریف ہیں اوراس طرح کے اقدامات جنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے بہت اہم ہیں۔ انہوں نے یونیورسٹی کی انٹرنیشنل گرین میٹرک رینکنگ میں کارکردگی کو خوش آئند قرار دیا اور یونیورسٹی میں ہونے والی تیز رفتار ڈویلپمنٹ کو بھی سراہا۔ ڈویلپمنٹ پراجیکٹس میں کمیونٹی سینٹر، ہاسٹلز، گیسٹ ہاوس اور فیکلٹی ہاسٹلز شامل ہیں۔
انہوں نے یونیورسٹی کو ڈرگ اینڈ سموک فری ڈیکلیئر کرنے کو ایک انقلابی قدم قرار دیتے ہوئے سپورٹس کے فروغ اور نیشنل لیول کھیلوں کے مقابلوں میں یونیورسٹی کی بہترین کارکردگی کو بھی سراہا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیمان طاہر نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق گرین اینڈ کلین مہم میں بھر پور حصہ ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی میں اب تک پچاس ہزار سے زائد پودے لگائے جاچکے ہیں، اور اس بار موسم کی مناسبت سے پھلوں کے پودے لگائے جارہے ہیں۔