پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن)عالمی بینک آئندہ سال ضلع سوات میں245میگاواٹ کے دوپن بجلی منصوبے شروع کرے گاجن کی تکمیل سے صوبے کو سالانہ 13ارب روپے سے زائد کی آمدن ہوگی،توانائی کے ان منصوبوں سے ایک طرف صوبے میں بڑی سرمایہ کاری آئے گی تودوسری طرف روزگارکے نئے مواقع میسرآئیں گے۔
اس سلسلے میں منعقدہ اجلاس میں سیکرٹری توانائی وبرقیات سید امتیازحسین شاہ ، عالمی بینک کے سینئرانرجی سپیشلسٹ محمدثاقب اورایڈوائزر ورلڈبینک مسعوداحمد ، چیف ایگزیکٹو پیڈو انجینئرنعیم خان اورخیبرپختونخو اہائیڈرو پاور اینڈ رینویوایبل انرجی ڈویلپمنٹ پروگرام کے چیف انجینئرشاہ حسین نے شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیاکہ عالمی بینک خیبرپختونخوامیں توانائی کے شعبے کی ترقی کے لئے مالی تعاون فراہم کرنے کے سلسلے میںآئندہ سال ضلع سوات میں پن بجلی کے دومنصوبوں پر تعمیراتی کام کا آغازکرے گاجن میں157میگاواٹ مدین ہائیڈرو پاورپراجیکٹ اور88میگاواٹ گبرال کالام ہائیڈروپاورپراجیکٹ شامل ہیں.اس سلسلے میں عالمی بینک اورصوبائی حکومت کے درمیان 450ملین ڈالرز کے معاہدے پر دستخط کئے جاچکے ہیں۔یہ منصوبے 2027ء تک مکمل کرلئے جائیں گے جن سے صوبے کو سالانہ 13ارب روپے سے زائد کی آمدن ہوگی۔