ڈویژنل کمیٹی نے مزید ترقیاتی سکیموں کی منظوری دے دی,رواں سال مکمل کرنے کا حکم


گیس ،بجلی،پانی ،تعلیم،سڑکیں اور صحت کے منصوبے شامل،وزیر اعظم قومی اہمیت کے اس پروگرام کی براہ راست نگرانی کر رہے ہیں ،غیر ذمہ داری برداشت نہیں کی جا سکتی،کمشنر،شفافیت یقینی بنائی جائے ،شہباز بابر
فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈویژنل کمشنر مومن آغا نے کہا ہے کہ وزیراعظم قومی ترقیاتی پروگرام کے تحت منظور شدہ ترقیاتی سکیموں پر عملدرآمد کی رفتار مزید تیز کی جائے اور یہ سکیمیں رواں مالی سال کے اندر مکمل ہونی چاہئیں جس میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈویژنل رابطہ وعملدرآمد کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ جس میں بعض ترقیاتی سکیموں کی تفصیلات کا جائزہ لے کر ان کی منظوری دی گئی ۔ اس موقع پر ایم این اے چوہدری شہباز بابر کے علاوہ ترقیاتی سکیموں پر عملدرآمد کرنے والے محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی ۔ڈویژنل کمشنر نے سوئی گیس،فیسکو،ایف ڈی اے ،واسا،پی ایچ اے ،پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، بلڈنگز، ہائی ویز، ہائر ایجوکیشن اور دیگر محکموں کی سکیموں کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ تمام تر ضروری قواعدو ضوابط کا خصوصی خیال رکھیں اور منصوبوں پر فوری عملدرآمد شروع کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمدنواز شریف قومی اہمیت کے اس پروگرام کی خود نگرانی کررہے ہیں لہٰذا غیر ذمہ داری برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے واضح کیا کہ اعلیٰ تعمیراتی میعار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور اگر کسی منصوبے میں نقص سامنے آیا تو متعلقہ افسران اور ٹھیکیدار ذمہ دار ہونگے ۔ایم این اے چوہدری شہبازبابر نے کہا کہ وزیراعظم قومی ترقیاتی پروگرام کے ثمرات عوام تک پہنچانے میں کوئی کسر اٹھانہ رکھی جائے ۔انہوں نے کہا کہ متعلقہ محکمے فیلڈ میں رہ کر سکیموں کی شفافیت کو یقینی بنائیں تاکہ عوام لمبے عرصے تک ان منصوبوں سے مستفید ہوسکیں۔انہوں نے کہا کہ قومی ترقیاتی پروگرام سے سماجی ومعاشی ترقی کی راہیں ہموار ہونگی۔